• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کی کونسی فلم نے 48 سالوں تک کمائی کی؟


آج صبح انتقال کرجانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اُس فلم پر ایک نظر ڈالتے ہیں جس نے 48 سالوں تک فلم نگری پر راج کیا۔

یوں تو دلیپ کمار نے اپنے کیرئیر میں 65 سے زائد فلمیں کی ہیں لیکن اُن کی ایک فلم ایسی ہے جو اداکار کی شہرت کی وجہ بنی۔

1960ء میں دلیپ کمار کی بلاک بسٹر فلم ’مغلِ اعظم‘ ریلیز ہوئی جس میں اُنہوں نے شہزادہ سلیم کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

دلیپ کمار کی یہ فلم ناصرف پہلے سال میں مقبول رہی بلکہ اس فلم نے 1960ء سے لیکر سال 2008ء تک خوب کمائی کی جس کے بعد یہ بالی ووڈ کی پہلی فلم بنی جس نے 48 سالوں تک بھارتی فلم نگری پر راج کیا۔

فلم ’مغلِ اعظم‘ کے علاوہ بھی دلیپ کمار نے بالی ووڈ کو کئی سُپر ہٹ فلمیں دیں جن میں ملن، جگنو، شہید، ندیا کے پار، انداز جوگن، بابل، آرزو، ترانہ، ہلچل، دیدار، سنگدل، داغ، آن، شکست، فٹ پاتھ، امر،اڑن کٹھولا، انسانیت، دیوداس، نیا دور، پیغام، کوہ نور، گنگا جمنا، شکتی، سمیت کئی لازوال فلمیں شامل ہیں۔

دلیپ کمار نے 65 سے زائد فلموں میں کام کیا جبکہ دلیپ کمار کو انڈین فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

تازہ ترین