کورونا کا شکار شخص نے پرواز میں سوار ہونے کیلئے اپنی بیوی کا روپ دھار لیا

July 22, 2021

کورونا کا شکار انڈونیشیا کے شہری نے پرواز میں سوار ہونے کیلئے نقاب پہن کر اپنی بیوی کا روپ دھار لیا تاکہ اسے طیارے میں سوار ہونے کی اجازت مل سکے۔

شہری نے اپنا نام ڈی ڈبلیو رکھا ہوا تھا ، سٹی لنک کی ڈومیسٹک فلائٹ میں سوار ہونے کے لیے اس نے خود کو نقاب اور برقع سے ڈھانپ رکھا تھا تاکہ اسے کوئی پہچان نہ سکے۔

شہری اپنی اہلیہ کا آئی ڈی کارڈ اور کورونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے جکارتہ سے اپنے آبائی شہر ترناٹ جانے کے لیے فلائٹ میں سوار ہوگیا۔

شہری نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور سیکورٹی چیکس کو تو بےوقوف بنا دیا تھا لیکن جہاز میں سوار ہونے پر وہ فلائٹ اٹینڈنٹ کے ہاتھوں نہ بچ سکا۔

فلائٹ اٹینڈینٹ نے حکام کو بتایا کہ اس نے مسافر کو طیارے کے باتھ روم میں نقاب اور خواتین کے حُلیے میں داخل ہوتا ہوا دیکھا اور پھر وہی مسافر نقاب کے بجائے مردوں کے کپڑوں میں باہر آیا۔

حکام نے ترناٹ میں انتظامیہ کو بتایا اور پھر وہیں اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترناٹ ایئرپورٹ پر جب مسافر کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ مثبت آیا ہے۔