عوام با ہمی اتحاد سے ساز شیں ناکام بنا دینگے، حامد موسوی

July 24, 2021

راولپنڈ ی( خصوصی نمائندہ ) راولپنڈی اورگرد نواح میں بھی نماز عید الاضحی کے اجتماعات ہوئے جن میں علمائے کرام ،خطباء حضرات نے سنت ابراہیمی ؑ اور فلسفہ قر بانی پرر و شنی ڈالی۔ فقہ جعفریہ کا مرکزی اجتماع ایم سی بوائز ہائی سکول نزد علی مسجد سیٹلائٹ ٹائون میں ہوا۔مفتی باسم عباس زاھری نے نماز پڑھائی ۔اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید قمرحیدرزیدی نےقائد ملت جعفریہ آغاحامد موسوی کا پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے باورکرایا کہ عید قربان اس بے مثال تاریخی واقعے کی یادگار ہے جب کم و بیش چار ہزار سال قبل وادی مکہ میں حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے حکم الہی کی اطاعت میں اپنے نور نظر حضرت اسماعیل ؑ کو اپنے ہاتھوں سے راہِ خدا میں قربان کرنے کا فیصلہ اور اپنے ارادے سے باخبر کیا تو اس نے بھی رضائے خدا وندی کے سامنے سر جھکا کر خود کو قربانی کیلئے پیش کردیا۔آقای موسوی واضح کیا کہ حضرت ابراہیم و اسماعیل ؑ کا یہ جذبہ فداکاری اور انداز تسلیم و رضا بارگاہ خداوندی میں ایسا مقبول ہوا کہ اس قربانی کو ذبح عظیم سے تبدیل کرنے کا اعلان کردیاگیا ۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ آج ایسے حالات میں عیدالاضحی منائی جارہی ہے جب عالم اسلام اسکا قلعہ پاکستان بالخصوص عالمی استعماری قوتوں اور انکے ایجنٹوں کی سازشوں کا نشانہ ہے لیکن دشمن یادرکھے کہ ماضی کی طرح آئندہ بھی پاکستان کے عوام باہمی اتحاد و یگانگت کے مظاہرے اور قربانیوں کے ذریعے ہر اندرونی و بیرونی سازش کو ناکام بنادیں گے ۔ اس موقع پر ایک قرارداد میں عید قربان کے موقع پر بھارتی و اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہونے کے باوجود جذبہ حریت سے سرشار آزادی کیلئے لاتعداد قربانیاں پیش کرنے والے مظلومین کشمیرکی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امت مسلمہ کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کریں بصورت دیگر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کریگی۔