عیدپربھی بدامنی، ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات سے شہریوں میں خوف وہراس

July 24, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا،تفصیل کے مطابق تھانہ شاہ رکن عالم کے علاقے مکان نمبر412ڈی بلاک کا رہائشی احمد مصطفیٰ اپنے گھر میں موجود تھا کہ کارمیں سوار تین نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر کے باہر اچانک فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،فائرنگ کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے،پولیس نے موقع پر پہنچ کر تین خول قبضے میں لے لئے،تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقے باواصفراکچی آبادی میں محمد اکمل گھر میں اہلخانہ کے ہمراہ موجودتھا کہ اچانک دروازے پر دستک ہوئی ،اکمل نے دروازہ کھولااورباہر آیا تو ملزم معید نے گالم گلوچ شروع کردی،ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگیا، فائرنگ کی وجہ عناد یہ معلوم ہواکہ ملزم معید اور اکمل کے مابین موبائل کے پیسوں کا لین دین کا تنازع تھا جس کی وجہ سے ملزم نے فائرنگ کی،واقعات کی اطلاعات پر پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔