کورونا کے پھیلاؤ میں پھر تیزی!

July 25, 2021

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کووڈ 19کی تیسری لہر میں نمایاں کمی دیکھتے ہوئے ملک بھر میںیکم جولائی کو تمام کاروبار ، سینماگھر ، ریستوران، شادی ہال اور مزارات ایس او پیز پر عمل کرنے کی مشروط اجازت کے ساتھ کھول دیے تھے۔ اس دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کا عوام الناس کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ویکسین فراہم کرنے پر زور رہا۔ اب ملک بھر میں کورونا وبا کے نئے حملے اور کراچی میں پیدا شدہ سنگین صورتحال نے قوم کوپھر سے تشویش میں مبتلا کر دیا ہے جس کے پیش نظروزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں پیر (کل) سے تعلیمی ادارے، ریستوران، درگاہیں ، شادی ہالز اور دیگرتقاریب پر ایک بار پھر پابندی عائد کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں صبح چھ سے شام چھ بجے تک ، جمعہ اتوار چھٹی، دفاتر میں 50فیصد حاضری کی اجازت دینے کا فیصلہ کیاہے۔ البتہ کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیںگی۔ ریستورانوں سے صرف کھانا ساتھ لے جانے کی اجازت ہو گی تاہم امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی صوبائی حکومت نے ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کی موبائل سمیں بند کرنےکیلئے وفاقی حکومت کے ذریعے پی ٹی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اقدامات سے حکومت اور کاروباری طبقے کوایک بار پھر مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، محصولات میں الگ کمی واقع ہو گی مزید برآں سندھ کی یہ صورتحال دوسرے صوبوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے جبکہ بھارت، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا میں ڈیلٹا وائرس سے پیدا شدہ سنگین حالات کے تناظر میں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے سردست یہی بہتر ہے کہ وبا کو پھیلنے سے روکنے کےلئے سابقہ تجربات ملحوظ رکھے جائیں اور جہاں تک ممکن ہو ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل یقینی بنایا جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998