پاکستان میں سرحد پار حملوں اور ٹی ٹی پی کا خطرہ بڑھ گیا، اقوام متحدہ

July 25, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں سرحد پار حملوں اور ٹی ٹی پی کا خطرہ بڑھ گیا،پاکستان کو افغانستان میں ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کی مضبوطی پر تشویش ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اتحاد کے بعد تحریک طالبان پاکستان کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ، جس میں القاعدہ ، داعش اور اس سے متعلقہ گروہوں کے لاحق عالمی خطرے پر توجہ دی گئی، نے ایک بار پھر افغان سرزمین سے پاکستان کو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے بڑھتے ہوئے کراس بارڈر دہشت گرد خطرے پر توجہ دلائی ہے۔

حال ہی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کی گئی اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کی اٹھائیسویں رپورٹ اقوام متحدہ کی سابقہ رپورٹوں کو دہراتی ہے جن میں سرحد پار سے ٹی ٹی پی کی جانب سے اسی طرح کے دہشت گرد خطرے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کی تازہ ترین رپورٹ یہ بھی کہتی ہے کہ ٹی ٹی پی نے بھتہ خوری ، اسمگلنگ اور ٹیکسوں سے اپنے مالی وسائل میں اضافہ کیا ہے۔

یہ حالیہ رپورٹس افغانستان سے ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کے حوالے سے پاکستان کے سخت خدشات کی حمایت کرتی ہیں۔