شرحِ آرزو (مجموعۂ کلام)

August 01, 2021

شاعر: شجاع الزماں خان شاد

صفحات: 206، قیمت: 500روپے

ناشر: الحمد پبلی کیشنز، گلشن اقبال، کراچی۔

زیرِ تبصرہ مجموعۂ کلام میں دو حمدوں اور دو نعتوں کے علاوہ 56غزلیں، 18نظمیں اور 62قطعات شامل ہیں۔ یہ مجموعہ ڈاکٹر مختار حیات، اکرم کنجاہی، زیب اذکار حسین، حامد علی سیّد اور خالد دانش کے توصیفی مضامین سے آراستہ ہے، جب کہ ڈاکٹر شاداب احسانی اور شفیق احمد شفیق نے فلیپ تحریر کیے ہیں۔ صاحبِ کتاب نے اپنے انداز سے نئی علامات اور دِل کشا استعاروں سے اپنی غزل کی دُنیا آباد کی ہے۔

انہوں نے خود کو ادب کی کلاسیکی روایت سے کبھی الگ نہیں رکھا، لیکن جدید عہد کے تقاضے بھی پورے کیے۔اگرچہ بنیادی طور پر غزل کے شاعر تصوّر کیے جاتے ہیں، لیکن مجموعے میں درج ان کی نظمیں پڑھ کر یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ وہ غزل کے اہم شاعر ہیں یا نظم کے۔ اُن کی نظمیں سماجی زندگی کا آئینہ ہیں۔

نیز، کتاب میں شامل قطعات میں بھی سماجی اور معاشرتی زندگی کی بَھرپور عکاسی کی گئی ہے، جن سے ان کی طرزِفکر اور سیاسی نظریات کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ان کی غزلوں، نظموں اور قطعات سے سرسری نہیں گزرا جاسکتا کہ پوری شاعری سماج سے جُڑی ہے۔