قائمہ کمیٹی پٹرولیم کا اجلاس، ارکان اسمبلی نئے گیس کنکشنز میں تاخیر پر برہم

July 29, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نئے گیس کنکشنز میں تاخیر پر برہم ہوگئے ،پرویز اشرف،خرم دستگیر، عامر چیمہ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی گیس سکیموں پر کام کیوں نہیں ہو رہا، ایم ڈی سوئی نا درن نےبتایاکہ سوئی ذخائر میں 5سال کے دوران 30 فیصد کمی ہوئی، سیکرٹری پٹرولیم نے بتایایومیہ طلب 5 ارب کیوبک فٹ جبکہ سپلائی بمشکل چار ارب ہے،درآمدی ایل این جی لوکل گیس سے3گنا مہنگی ہے،نئے گیس ذخائر دریافت کر رہے ہیں اللہ کرے کامیابی ملے،گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس عمران خٹک کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ بیشتر ادھوری اور نامکمل اسکیموں پر ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے بورڈز نے غور شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے اوگرا کو درخواستیں پیش کی جاچکی ہیں۔ ایم ڈی اوگرا نے بتایا کہ مالی سال 2021-22میں سکیموں کی منظوری دی گئی ، دو ہفتوں کے اندر باضابطہ منظوری دی جائے گی۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان علاقوں میں گیس دی جائے گی جہاں نیٹ ورک مکمل ہوچکا ہے۔ ٹرانسمیشن نیٹ ورک پر توجہ دی جارہی ہے، ایس این جی پی ایل کی مستعدی کی وجہ سے کے پی کے میں غیر محاسب گیس 13 فیصد سے کم ہوکر 8 فیصد ہوگئی ہے، ہم عوام کے مفاد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اگر ہم سوئی کمپنوں کے مالی ضروریات کی نگرانی نہ کریں تو صارفین کو گیس بلوں میں اضافے کی صورت میں خمیازہ بھگتنا پڑے ،گیس کمپنیوں کو اپنے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنا ہونگے۔