امید ہے بھارت سلامتی کونسل کی صدارت کے اصولوں کی پاسداری کریگا، دفتر خارجہ

August 01, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی صدارت رکن ممالک کے ناموں کے انگریزی حروف تہجی کے اعتبار سے ہر رکن کو ایک ماہ کے لیے ملتی ہے۔ اگست کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی صدارت بھارت کو ملنے کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر سلامتی کونسل پر اجلاسوں کی کارروائی کا انعقاد کی ذمہ داری ہوتی ہے اور وہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ بھارت سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق قواعد و ضوابط اور اصولوں کی پاسداری کرے گا۔ جیسا کہ بھارت یہ کردار سنبھال رہا ہے ، ہم اسے ایک بار پھر جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی قانونی ذمہ داری کی یاد دلانا چاہیں گے۔