حفیظ کی وجہ سے ٹیم کا توازن بہت زبردست ہو جاتا ہے: شاہد آفریدی

August 01, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد حفیظ کی وجہ سے ٹیم کا توازن بہت زبردست ہو جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیئے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ کامیابی حاصل کی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پچ ویسی تھی جیسی متحدہ عرب امارات میں توقع کی جا رہی ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو فرنٹ لائن بولر کی حیثیت سے واپس دیکھ کر اچھا لگا۔

سابق کپتان نے آج کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دیئے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 150 رنز بنا سکی۔

محمد حفیظ نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں ایک میڈن اوور کروا کر صرف 6 رنز دیئے اور 1 وکٹ بھی لی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔