رضوان کا کلینڈر ایئر میں زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ، ساتھی کھلاڑیوں کا جشن

August 02, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد رضوان نے ایک کلینڈر ایئر کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں زیادہ رنز کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ گیانا میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 14ویں اننگز میں اپنا 43 واں رنز لے کر سنگ میل عبور کیا ۔ اس سے قبل 2019 میں آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ نے 20 اننگز میں 748 رنز بناکر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اس کارنامے پر گیانا میں ساتھی کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں ان کے ریکارڈ کا جشن منایا۔ رضوان نے کہا کہ یہ میرے اور پورے اہل خانہ کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔ اس کی مبارک باد پوری قوم کو دیتا ہوں۔ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کارکردگی دکھاتا ہوں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ،حسن علی اظہر علی، شاداب خان وغیرہ نے انہیں مبارکباد دی ہے ۔ ادھر گیانا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں چار اوورز میں چھ رنز دے کر ایک لینے والے محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بہت خوش ہوں بحیثیت بولر یہ میرا انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلا پلیئر آف دی میچ ایوارڈہے۔ اس ایوارڈ کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ویسٹ انڈیز کے پاس بہت اچھے پاور ہٹرز موجود ہیں،انکے خلاف اچھی بولنگ پر خوش ہوں۔