کورونا،3 ماہ بعد 5 ہزار نئے کیسز، اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج، بڑے شہر ٹارگٹ ہونگے

August 02, 2021

اسلام آباد/ کراچی ( جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں کوروناکی شدت میں اضافہ ہوگیا، ایک ہی دن میں 3 ماہ بعد 5ہزارسے زائد نئے کیسز سامنے آگئے،اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج کیا جائےگا،بڑے شہرٹارگٹ ہونگے۔

چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) اسدعمرنے کہاہے کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کرینگے،این سی اوسی کاسیاست سےتعلق نہیں ہے،ہم صرف ٹارگٹڈ بندشیں لگاتے ہیں ،جو کامیابی حاصل کی بڑے ممالک نہیں کر سکے۔

3کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگ چکی۔ سرکاری کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 56 ہزار 965 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5026 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 62 افراد انتقال کر گئے۔

پاکستان میں آخری بار 5 ہزار سے زائد کورونا کیسز 29 اپریل کو دیکھے گئے تھے، 29 اپریل کو ملک میں 5119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ 131 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.82 فیصد رہی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 422 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 34 ہزار 837 تک جاپہنچے ہیں،جن میں سے 69756مریض زیرعلاج ہیں،3208کی حالت نازک ہے۔

ادھراسلام آباد میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ خطے کے ممالک میں کورونا صورتحال خراب ہورہی ہے، ایران میں کورونا سے دوبارہ صورتحال بگڑ گئی،انڈونیشیا میں بھی چند ہفتوں سے کورونا صورتحال تشویشناک ہے۔

پاکستان میں ایسی صورتحال نہیں دیکھی گئی جو خطے کے دیگر ممالک میں تھی،ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی بنیاد کورونا وائرس کی بھارتی قسم ہے، کورونا کی بھارتی قسم برطانوی ویرنیٹ کی نسبت تیزی سے پھیلتی ہے، وباء علاقائی حدود اور سرحدیں نہیں دیکھتی،عوام ڈاکٹروں کی تجاویز پرعمل کریں ، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے جو کامیابی حاصل کی وہ بڑے بڑے ممالک نہیں کرسکے، ملک میں اربوں روپے کی ویکسین منگوائی گئی ہے، مختلف مقامات پر سینٹرز بنائے گئے ہیں، پہلی ایک کروڑ ویکسی نیشن میں 113 دن لگے، گزشتہ 6 روز میں 50 لاکھ کورونا ویکسی نیشن کی گئی ہے، 16روز میں ایک کروڑ کورونا ویکسی نیشن کی گئی ہے، ملک میں اب تک3 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، جن شہریوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ جلد ازجلد ویکسی نیشن کروائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این سی اوسی کے پلیٹ فارم کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم ایک ٹارگٹڈ طریقے سے بندشیں لگاتے ہیں تاکہ لوگوں کو پریشانی نہ ہو، ہر بار کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں، وزیراعظم کو کورونا سے متعلق سفارشات پیش کریں گے،جس کے نتیجے میں کچھ بڑے شہروں میں پابندیوں میں اضافے کا امکان ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے یومیہ 2 سے ڈھائی ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہورہے تھے لیکن گزشتہ 24 گھنٹے میں 5 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 8.8فیصد ہے، کورونا کی چوتھی لہر سے ہسپتالو ں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، کورونا ویکسی نیشن کرانے سے ہی ہم چوتھی لہر سے نکل سکیں گے۔