انجینئرنگ یونیورسٹی اور پیور کرافٹ نوشہرہ کے درمیان معاہدہ

August 03, 2021

پشاور(خصوصی نامہ نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور اور پیور کرافٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ، آدم زئی نوشہرہ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔ معاہدہ پر انجینئرنگ یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر خان شہزادہ اورپیور کرافٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہاب خٹک نے دستخط کئے ۔ معاہدے کا مقصد اکیڈیمیا اورانڈسٹری کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ صنعتی ترقی اور پیو منٹ انڈسٹری (ٹف ٹائلز وغیرہ) میں ماحول دوست مصنوعات کو فروغ ملے۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین ،وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور نے اس موقع پر کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی انڈسٹری کے ساتھ روابط بنانے میں انتہائی فعال کردار ادا کررہی ہے اور اس سلسلے میں اوریک آفس کے زیر اہتمام تقریباً 58 فیصد معاہدے مقامی کمپنیوں کے ساتھ ہو چکے ہیں۔شہاب خٹک نے کہا کہ پیور کرافٹ نے اب تک ہزارہ یونیورسٹی اور یو ای ٹی پشاور کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ متعدد تحقیقی منصوبے شروع کئے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر خان شہزادہ شعبہ سول انجینئرنگ نے پیومنٹ انڈسٹری میں سبز انقلاب پر پریذنٹیشن دی اور کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن انفراسٹرکچر پلاننگ ٹف ٹائلز اور فلائنگ ایش اینٹوں کی اصلاح ، کنکریٹ اینٹ کا وزن کم کرنے اوراس پر تحقیق کے ذریعے ان کو کمرشل بنانے مدد گا ر ثابت ہوگی۔ڈاکٹر نصرو من اللہ ڈائریکٹر اوریک یو ای ٹی پشاور نے کہا کہ انڈسٹری اوراکیڈیمیا کے مابین روابط قائم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی مقامی انڈسٹری کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔