آزاد کشمیر: اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

August 03, 2021

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہو رہا ہے۔

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نو منتخب ارکان آج حلف اٹھا رہے ہیں، جبکہ حلف برداری کے بعد نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی ہو گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر کے اسپیکر کے لیے چوہدری انوار الحق کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے جاوید گجر کا نام منظور کیا ہے، جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے نام کی منظوری آج متوقع ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے اسپیکر کے لیے مشترکہ امید وار پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور کو نامزد کیا گیا ہے۔

ان دونوں جماعتوں کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ نون کی امیدوار نثاراں عباسی ہیں۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے اسپیکر کے لیے مشترکہ امید وار فیصل راٹھور اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نثاراں عباسی کے کاغذات جمع کرا دیئے گئے۔

تحریکِ انصاف کی جانب سے اسپیکر کے لیے انوارالحق، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے چوہدری ریاض کے کاغذات بھی جمع کرا دیئے گئے۔

تمام جماعتوں کی جانب سے کاغذات اسمبلی کے سیکریٹری کے پاس جمع کروائے گئے۔