بلوچستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز تشویشناک ہیں‘سینیٹر ثمینہ ممتاز

August 04, 2021

کوئٹہ ( پ ر )سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافےپر تشویش کا اظہار اور صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کم آبادی والا صوبہ ہے لیکن اس مناسبت سے یہاں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے جس کی روک تھام کے لئے ہم سب کو حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔ کورونا کے تیزی سے پھیلائو کو روکنے کے لئے بلوچستان حکومت نے قابل تعریف کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت کیسز کی شرح کم ہے لیکن پھر بھی عوام کو بہت زیادہ احتیاط اور حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کورونا ویکسی نیشن کروائیںتاکہ کورونا کو شکست دی جا سکے اور اس وبا کا بلوچستان سے مکمل خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ ویکسی نیشن سینٹرزپر کورونا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے اورعوام کو مفت فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے تمام مکاب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں لوگوں میں شعور اجاگر کریں کہ وہ نہ صرف بذات خود بلکہ تمام خاندان کے افراد اور رشتہ داروں کو بھی کورونا ویکسین کے لئے راغب کریں انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے کوئی منفی اثرات سامنے نہیں آئے ،ویکسین کے حوالے سے گردش کرتی باتیںمحض افواہیں ہیں اور ان باتوں میں کوئی سچائی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا خاتمہ ویکسین ہی سے ممکن ہے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے جلد ویکسی نیشن کروائیں تاکہ پاکستان اس موذی مرض سے پاک ہو سکے ۔