ڈھرکی کے قریب ٹرین حادثہ، 15 افسران براہ راست ذمہ دار قرار

September 05, 2021

ڈھرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس حادثے کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے، ٹرین حادثے کی انکوائری رپورٹ میں 15 افسران کو براہ راست ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

انکوائری رپورٹ میں ڈی ایس پاکستان ریلویز سکھر سمیت 4 افسران بالواسطہ ذمہ دار قرار دیے گئے ہیں۔

ریلوے حکام نے انکوائری رپورٹ میں نامزد افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

حادثے کے ذمہ دار افسران و عملے کے خلاف سیکریٹریز پاکستان ریلویز نے لیٹر جاری کردیا۔

سیکریٹری ریلویز و چیئرمین ریلویز نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے جنرل مینجر ریلویز کو حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ 7 جون کو ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس حادثے میں 66 افراد جاں بحق ہوئے تھے، کراچی سے پنجاب جانے والی ملت ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

پنجاب سے کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے ٹکراگئی تھی۔