سدھارتھ کی موت پر یقین کرنا مشکل ہے: والد شہناز گِل

September 08, 2021

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کی معروف کنٹسٹنٹ اور اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گِل کے والد نے کہا ہے کہ اُنہیں ابھی تک سدھارتھ کی موت پر یقین نہیں آرہا۔

شہناز گِل کے والد سنتوخ سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی اپنی یادگار تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا بھی موجود ہیں۔

انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے شہناز گِل کے والد نے سدھارتھ شکلا کی موت پر شدید دُکھ کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں ہورہا، تُم اب اس دُنیا میں نہیں ہو۔‘

شہناز گِل کے والد نے مزید لکھا کہ ’تُم ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہوگے۔‘

خیال رہے کہ چند روز قبل سدھارتھ شکلا کی ممبئی میں اپنے گھر میں اس وقت موت واقع ہوگئی تھی جب وہ سورہے تھے، جبکہ اہلِ خانہ نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی تھی۔

سدھارتھ رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 میں بطور امیدوار شامل ہوئے اور انہوں نے یہ شو بھی جیتا، لیکن اس کے بعد وہ سیزن 14 میں بطور 'طوفانی سینئر' شامل ہوئے۔

یاد رہے کہ رواں برس بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چُھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔

خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔