• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے جینے کی وجہ ختم ہوگئی: والدہ سدھارتھ شکلا

گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے آنجہانی بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی والدہ نے کہا ہے کہ بیٹے کی موت کے بعد اب اُن کی جینے کی وجہ ختم ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کے دوست اور بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے رنر اپ اور گلوکار راہول ویدیا نے اپنے حالیہ وی لاگ میں اداکار کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سدھارتھ ایک پتھر کی طرح بہت مضبوط انسان تھا اور اُن کی والدہ بھی اپنے بیٹے کی طرح بہت مضبوط ہیں لیکن ہم سب ایک جوان بیٹے کو کھونے کا درد جانتے ہیں۔‘

راہول ویدیا نے کہا کہ ’جب میں نے سدھارتھ کی والدہ سے گفتگو کی تو اُنہوں نے کہا، سدھارتھ نے ہمارا دل توڑ دیا ہے۔‘

بھارتی گلوکار نے کہا کہ ’سدھارتھ کی والدہ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے ایسے خاندانوں کے  بارے میں سنا تھا جنہوں نے اپنے جوانوں کو کھودیا ہو  لیکن انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا ہوگا۔‘

سدھارتھ کی والدہ نے کہا کہ ’اب میرے جینے کی وجہ ختم ہوگئی ہے کیونکہ سب کچھ ختم ہوگیا ہے۔‘

انہوں نے ویڈیو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف دعا کرتا ہوں کہ خدا ان کے خاندان کو طاقت دے اور یہاں تک کہ شہناز کو بھی۔‘

راہول ویدیا نے مزید کہا کہ ’جب میں شہناز سے ملا تھا تو وہ اپنے ہوش میں نہیں تھیں اور اُن کی ایسی حالت بھی نہیں تھی کہ وہ کسی سے بات کرسکیں۔‘

اس سے قبل راہول ویدیا نے اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں شدید صدمے میں ہوں، اس وقت اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، یقین نہیں آرہا ہے کہ اچانک سے کیا ہوگیا۔‘

گلوکار نے کہا تھا کہ ’سدھارتھ ایک شاندار انسان تھے، ہم نے بگ باس کے گھر کے اندر بہت اچھا وقت گزارا اور تب سے ہم ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے، ہم اکثر اپنے جم سیشنز میں ایک دوسرے سے ٹکرا جاتے تھے۔‘

راہول ویدیا نے یہ بھی کہا تھا کہ ’سدھارتھ ایک فٹ شخص تھا اور میں یقین نہیں کر سکتا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے۔‘

خیال رہے کہ چند روز قبل سدھاتھ شکلا کی ممبئی میں اپنے گھر میں اس وقت موت واقع ہوگئی تھی جب وہ سورہے تھے، جبکہ اہلِ خانہ نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی تھی۔

سدھارتھ رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 میں بطور امیدوار شامل ہوئے اور انہوں نے یہ شو بھی جیتا، لیکن اس کے بعد وہ سیزن 14 میں بطور 'طوفانی سینئر' شامل ہوئے۔

تازہ ترین