فلم ’دا میٹرکس ریسریکشن‘ کے پہلے ٹریلر میں پریانکا کی مختصر جھلک

September 11, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) ہولی وڈ کی ایکشن سے بھرپور سائنس فکشن فلم ’دا میٹرکس ریسریکشن‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔یہ ہولی وڈ کی مشہور ترین فلم ’دا میٹرکس‘ کی چوتھی فلم ہے۔ اس فلم میں کیانو ریوز اور کینیڈین اداکارہ کیری این ماس پچھلی فلموں میں نبھائے گئے اپنے کرداروں نیو اور ٹرینٹی میں دوبارہ نظر آئیں گے۔ٹریلر میں ایک بات واضح نظر آرہی ہے کہ نیو اور ٹرینٹی ایک دوسرے کے چہرے بھول چکے ہیں اور ایک دوسرے کو پہچاننے سے انکاری ہیں۔ٹریلر میں جو ایکشن کے مناظر دکھائے گئے ہیں وہ ’دا میٹرکس‘ کے پرستاروں کو پچھلی تین فلموں کی یاد دلانے کے لیے کافی ہیں۔اس کے علاوہ اس فلم میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی نظر آئیں گی۔ اس فلم کے ٹریلر میں ان کے کردار پر زیادہ روشنی نہیں ڈالی گئی۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ نیو یعنی کیانو ریوز ایک لڑکی سے ملتے ہیں جو لیوس کیرول کی کتاب ’ایلس ان دا ونڈرلینڈ‘ پڑھ رہی ہے۔ یہ لڑکی کوئی اور نہیں بلکہ پریانکا چوپڑا ہیں۔ان کے کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات موجود نہیں۔تاہم اپنے کردار سے متعلق پریانکا پہلے کہہ چکی ہیں کہ وہ ’دا میٹرکس‘ کی کائنات میں صرف ایک چھوٹی سی مچھلی ہیں۔’دا میٹرکس‘ سیریز کی پہلی فلم 22 سال پہلے 1999 میں ریلیز کی گئی تھی۔