انتخابات 2023ء نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا اعلان

September 11, 2021


وفاقی وزیر اسد عمر نے 2023ء کے انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بعد مردم شماری پر کام شروع کر دیا جائے گا، آئندہ الیکشن نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوگا، جس میں عمران خان ہی وزیرِاعظم ہوں گے۔

کراچی میں وزیرِ میری ٹائم علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ پلاننگ اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری کراچی کا بہت بڑا مسئلہ رہا ہے، سندھ حکومت نے مردم شماری کا سارا ڈیٹا جمع کیا اور خود ہی احتجاج کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مردم شماری کی جائے گی، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل رکھا جائے گا، نئی مردم شماری 18 ماہ میں مکمل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے وزیرِاعظم عمران خان نے کراچی کے لیے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا تھا، کراچی کے لیے گرین لائن منصوبہ مکمل ہو چکاہے، اگلے 1 ماہ میں بقیہ کام مکمل ہو جائیں گے۔

اسد عمر نے بتایا کہ 40 بسیں اگلے ہفتے تک کراچی کی بندرگاہ پہنچ جائیں گی، گرین لائن بس منصوبے کے لیے ڈرائیو بھرتی کیئے جائیں گے، اکتوبر کے آخر تک 40 بسوں سے گرین لائن کھول دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 60 کلو میٹر کی سڑکیں بنائی جائیں گی، محمود آباد میں تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل ہو گیا ہے ، کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ میرے دل کے قریب ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے کراچی میں 5 منصوبے جاری ہیں، کراچی میں سرکلر ریلوے کا 29 کلو میٹر کا راستہ زمین سے اوپر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 30 ستمبر سے پہلے سرکلر ریلوے کے انفرا اسٹرکچر والے حصے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، سرکلر ٹرین چلانے کے لیے نجی کمپنیز کو دعوت دی جائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے کنٹرول سینٹر مکمل ہو چکا، اکتوبر 2023ء تک کے فور منصوبے سے پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے چھوٹے چھوٹے کام بھی کریں گے، وفاقی حکومت 11 لاکھ ٹن کچرا یہاں سے اٹھا رہی ہے، احساس پروگرام کے تحت 7 ارب روپے کراچی کے شہریوں تک پہنچائے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ویکسی نیشن سینٹرز میں سندھ کے وزراء کی بڑی بڑی تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں، وفاقی حکومت کراچی میں 10 ارب روپے سے زائد کی کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کر چکی ہے، جبکہ سندھ حکومت ابھی تک ویکسین کا ایک بھی ڈوز دینے میں ناکام رہی ہے۔

اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں مالی سال کراچی کے لیے 21 ارب روپے رکھے ہیں، وفاقی حکومت نے سندھ میں 65 ارب روپے لگائے ہیں، وفاق کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے کے ایم سی کا ٹیکس لینے کی اجازت نہیں دے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے بتایا کہ پورٹ قاسم میں 5 نئی برتھ بن رہی ہیں۔