اداکاری سے زیادہ شوق لکھنے اور ڈائریکٹ کرنے کا ہے، عدیل افضل

September 12, 2021

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) عدیل افضل کی سماجی ایشوز پر ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئیں اور پھر انہیں ٹی وی ڈراموں میں کاسٹ کیا جانے لگا۔حال ہی میں عدیل افضل نے’پری زاد‘ ڈرامے میں احمد علی اکبر کے دوست ’ناساز‘ کا کردار ادا کیا، جسے کافی پذیرائی ملی اور سوشل میڈیا پر عدیل افضل کے ڈائیلاگز کے کلپس شیئر کیے جا رہے ہیں۔عدیل افضل سوشل میڈیا پر ایک مقبول ویب سائٹ کے ساتھ بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکے ہیں اور اب وہ یوٹیوب پر مختلف ایشوز پر اپنی ویڈیوز بناتے ہیں جن میں وہ خود ہی ایکٹ بھی کرتے ہیں۔ ’پری زاد‘ سے پہلے انہوں نے ڈرامہ ’آخری سٹیشن‘ اور فلم ’زندگی تماشا‘ میں اداکاری کی۔عدیل افضل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں لکھنے اور ڈائریکٹ کرنے کا شوق ہے۔ ’نیشنل کالج آف آرٹس سے میں نے فلم میں ڈگری لی اسی دوران وہاں کوئی نہ کوئی اپنے کسی نہ کسی پروجیکٹ کے لیے کردار آفر کرتا تھا تو لیکن میرا زیادہ شوق لکھنے اور ڈائریکٹ کرنے کا ہی ہے ۔‘ عدیل افضل نے کہا کہ ’ سوشل میڈیا کیلئے ویڈیوز سےمجھے یہ فائدہ ہوا کہ میری ویڈیوز انڈسٹری کے لوگوں نے بہت شیئر کیں۔ میرا ایک امیج بنا اور اسی کے تحت مجھے کردار بھی آفر ہوئے۔عدیل نے بتایا کہ ’ہماری سوسائٹی میں یہ مسئلہ ہے کہ آپ کوئی بات کریں تو اس پر لوگ نفرت کا اظہار کرنے لگتے ہیں لیکن میری کانٹینٹ بناتے ہوئے شروع سے کوشش رہی ہے کہ میں اپنی رائے کا اظہار کرتا ہوں لیکن طرف داری نہیں کرتا۔