ذاکر جعفرکی درخواست ضمانت پر 15 ستمبر کیلئے دوبارہ نوٹس جاری

September 13, 2021


اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم کے والدین کی درخواست ضمانت پر 15 ستمبر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی کے وکیل کو آج ہی وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اور والدہ عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔

پٹیشنرز کی جانب سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ مدعی شوکت مقدم کی جانب سے آج ہی پاور آف اٹارنی جمع کرا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی درخواست بھی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، عدالت مناسب سمجھے تو اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ یکجا کر کے سماعت کرے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں، ہم دونوں درخواستوں کو الگ الگ سنیں گے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ اگر شاہ خاور کا پاور آف اٹارنی داخل نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک ملتوی کریں۔

عدالت نے شاہ خاور کو وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل ہائیکورٹ کے باہر مقتولہ نور مقدم کے دوستوں نے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ، مظاہرین نے نور مقدم کے قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کی معاونت کرنے والوں کو بھی ضمانت پر رہائی نہ دی جائے ۔