سکھر: کباڑی کی دکان سے ریل کی پٹری و دیگر سامان برآمد

September 13, 2021

روہڑی ریلوے پولیس نے سکھر میں ایک کباڑی کی دکان پر چھاپہ مار کر ریل کی پٹریاں اور ریلوے کا دیگر قیمتی سامان برآمد کرلیا جو نامعلوم مقام سے چوری کر کے فروخت کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں ایک ملزم علی مردان مہر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ملزمان ٹرک ڈرائیور عبد الرحمان اور دکاندار عابد حسین قریشی فرار ہیں۔

ریلوے تھانہ روہڑی کے ایس ایچ او الطاف حسین کے مطابق ان کے پاس ایک مقدمہ نمبر 85/2021 اور 67/2021 درج ہیں، جس کی تفتیش جاری تھی کہ ریلوے پولیس افسر امیر علی شاہ کو ملنے والی اطلاع پر روہڑی بائی پاس کے قریب علی واہن سٹی میں کباڑ کی دکان پر چھاپہ مارا تو وہاں ایک ٹرک LRT 7377 میں لوہے کا سامان لوڈ ہورہا تھا، جس میں ریلوے کا میٹریل بھی شامل تھا۔

پولیس حکام کے مطابق موقع پر موجود ملزم کو گرفتار کرکے ہمراہی ٹریک تھانہ ریلوے پولیس روہڑی لایا گیا اور ٹرک کو قبضے میں لے کر پہنچایا گیا۔

تلاشی کے دوران ٹرک سے ریلوے لائن کے مختلف سائز کے 22 ٹکڑے جن کی پیمائش 114.9 فٹ تھی قبضے میں لیے گئے۔

دیگر برآمد شدہ سامان میں 120 ٹی بلٹ، 40 پِن، 74 لوہے کی کیل، 28 چابی، 7 پلیٹ جوڑ، 5 پلیٹ کٹ، 27 انکر پلیٹ، 6 فش پلیٹ، 5 ٹی بار، 11 بیرنگ پلیٹ، 3 انکر ڈبل، 1 اسٹیل سلیپر، 1 سی ایس ٹی سلیپر، 3 اسکرو پن کپلین، 9 بریکٹ، 2 فلوٹنگ لیور، 50 بریک شو، 40 بریک بلاک اور دیگر ریلوے میٹریل شامل ہے۔