عمر شریف کی بگڑتی صحت پر PMA کی تشویش

September 14, 2021

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے لیجنڈری اداکار اور کامیڈین عمر شریف کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عمر شریف کی صحت کا نوٹس لینے کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق حکومتی میڈیکل بورڈ نے عمر شریف کو بیرونِ ملک علاج کا کہا ہے، اس پر ہماری گزارش ہے کہ فوری طور پر ایئر ایمبولینس کا بندوبست کر کے عمر شریف کو باہر منتقل کیا جائے۔

پی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ عمر شریف کے علاج میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر شکایتوں میں بھی مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی کمزور ہو گئی ہے۔

گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ان کی تشویش ناک حالت کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں۔