شہزادہ اینڈریو امریکا میں جنسی زیادتی کے مقدمےکا سامنا کریں گے

September 14, 2021

برطانوی شہزادہ اینڈریو امریکی عدالت میں خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کریںگے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ اینڈریو کے وکلاء کا یہ کہناہے کہ شہزادے پر الزا م لگانے والی خاتون کی جانب سےانہیں کوئی قانونی کاغذات پیش نہیں کیے گئے۔

نیو یارک میں جمع کروائی گئی عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ’اس مقدمے کے لیے اٹارنی اینڈریو بریٹلر ملکہ الزبتھ دوم کے دوسرے بیٹے شہزادہ اینڈریو کی نمائندگی کریں گے ۔‘

خیال رہے کہ ورجینیا رابرٹس کے ایک ایجینٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنسی تعلق کے معاملے پر برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو کو گھر پر قانونی دستاویزات بھیج دی گئیں۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔

ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عدالتی دستاویزات میں شہزادہ اینڈریو پر الزام لگایا گیا ہے کہ بیس سال قبل شہزادہ اینڈریو کو دولت، طاقت، مضبوط پوزیشن اور روابط نے اس قابل بنایا کہ انہوں نے ایک خوفزدہ، کمزور بچی کے ساتھ بدسلوکی کی جہاں اس کی حفاظت کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

جبکہ شہزادہ اینڈریو لڑکی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر یکسر مسترد کرچکے ہیں۔