• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ اینڈریو کا مستقبل اب برطانوی پارلیمنٹ کے ہاتھوں میں ہے

امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنے والے برطانوی شہزادے اینڈریو کا مستقبل اب برطانوی پارلیمنٹ کے ہاتھوں میں ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شاہی مبصرین کا کہنا ہے کہ شہزادہ اینڈریوکی شاہی حیثیت کا فیصلہ کرنےکے لیےان پر ہونے والے جنسی زیادتی کے مقدمے کے نتائج برطانوی پارلیمنٹ کو منتقل کیے جاسکتے ہیں۔

شاہی مبصر انجیلا لیون کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں یقیناً انہیں اپنے تمام فوجی اعزازوں اور شاہی حیثیت کو چھوڑنا پڑسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ یہ ملکہ برطانیہ کے دائرہ اختیار میں ہے، ہمیں اس کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اگرشہزادہ اینڈریو بے گناہ ہیں اور وہ اسے ثابت کرسکتے ہیں تو ظاہر ہے کہ وہ اپنے تمام فوجی اعزازات اور شاہی حیثیت واپس حاصل کرسکتے ہیں۔

شاہی مبصر نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ ڈیوک آف یارک اس وقت اس ساری صورتحال سے شاید بہت پریشان ہوں گے ۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔

ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عدالتی دستاویزات میں شہزادہ اینڈریو پر الزام لگایا گیا ہے کہ بیس سال قبل شہزادہ اینڈریو کو دولت، طاقت، مضبوط پوزیشن اور روابط نے اس قابل بنایا کہ انہوں نے ایک خوفزدہ، کمزور بچی کے ساتھ بدسلوکی کی جہاں اس کی حفاظت کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

تازہ ترین