کراچی میں ہیٹ ویو، پارہ 41 ڈگری کو چھو سکتا ہے

September 15, 2021

ملک اور صوبۂ سندھ کا سب سے بڑا شہر کراچی شدید گرمی اور لو کی لپیٹ میں ہے۔

متو قع ہیٹ ویوز کے دوران پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مشرق سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان میں 2 مون سون سسٹمز موجود ہیں، ایک ڈپریشن وسطی بھارت میں موجود ہے، اس ڈپریشن کا رخ بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کی جانب ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ ہوا کا دوسرا کم دباؤ گجرات، راجستھان اور جنوب مشرقی سندھ کو اپنی لپیٹ میں لیئے ہوئے ہے، ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر تھر پارکر ڈسٹرکٹ میں بارشیں بھی ہو رہی ہیں، بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں شدید گرم موسم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں سسٹمز کے تحت فی الحال کراچی میں بارش کا امکان نہیں، کراچی میں کل (جمعرات تک) موسم گرم ہی رہے گا، تاہم (کل) 16 ستمبر کے بعد سسٹم کے بحیرۂ عرب میں جانے سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

متوقع ہیٹ ویوز کے پیشِ نظر ماہرینِ صحت نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کردی اور کہا ہے کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھر سے نہ نکلیں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو ز کی علامات میں پسینے کا زیادہ آنا، متلی، سر اور جسم میں درد سمیت غنودگی طاری ہونا شامل ہے، موسم گرم اور خشک ہونے کی صورت میں بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے اجتناب کریں، دن میں کم سے کم آٹھ گلاس پانی ضرور پئیں۔

ماہرینِ صحت کا مشورہ ہے کہ عوام گرمی میں ڈھیلے ڈھالے اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، باہر نکلنے کی صورت میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق بچے، معمر افراد اور حاملہ خواتین گرمی میں خاص احتیاط کریں اور گلی سڑی اشیاء کھانے سے گریز کریں۔