ثنا جاوید بھارتی پروپیگنڈے پر ہنسی نہ روک سکیں

September 15, 2021

پاکستانی فلم ’یلغار‘ کے اداکاروں کو اصلی فوجی سمجھ کر وادی پنجشیر میں شہید ہونے کے جھوٹے پروپیگنڈے پر ثنا جاوید نے بھی جواب دے دیا۔

ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ نے پاکستانی فلم ’یلغار’ کی ایک تصویر شیئر کی جس میں شان شاہد، عمیر جیسوال اور بلال اشرف موجود تھے۔

اس اکاونٹ نے پاکستان کے نامور اداکاروں کو پاکستان کا فوجی قرار دیتے ہوئے ان کی شہادت کا دعویٰ بھی کر دیا۔

اس اکاؤنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ میجر اعجاز (شان) اور کیپٹن جعفر (عمیر جیسوال) اُن کے کلاس فیلو تھے جو پنجشیر میں شہید ہوگئے ۔ انہیں پشاور میں سپردِ خاک کیا گیا اور آئی ایس پی آر ان ہلاکتوں کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بھارت کے میجر جنرل (ر) ہرشا ککڑ اور میجر جنرل (ر) جی ڈی بخشی نے بنا تصدیق یہ ٹوئٹ شیئر بھی کی۔

دونوں کی ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ پنجشیر میں لڑائی کے دوران پاکستان کو بھاری جانی نقصان ہوا۔

ان ٹوئٹس کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی افواج کا مذاق بن کر رہ گیا، پاکستانی اداکار شان شاہد اور عمیر جیسوال نے بھی ٹوئٹس پر جواب دیتے ہوئے اپنے فوجی لباس میں تصاویر شیئر کیں اور طنزیہ انداز میں بھارتی صارفین کو ہیلو کہا۔

اداکار عمیر جیسوال کی اہلیہ بھی پیچھے نہ رہیں اور قہقہہ لگاتے ہوئے اپنے شوہر کو بھارتی صارف کے بگاڑے نام سے پکارنے لگیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ثنا جاوید اور عمیر جیسوال رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

ثنا جاوید کا شمار پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے، انہوں نے ڈرامہ خانی، رسوائی، زرا یاد کر جیسے بہترین ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دوسری جانب عمیر جسوال پاکستان کے جانے مانے گلوکار ہیں، وہ اپنے میوزک کیریئر میں کئی کنسرٹس کے ساتھ ساتھ کوک اسٹوڈیو میں بھی پرفارم کرچکے ہیں۔