گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ہٹانے کی درخواست خارج

September 16, 2021

لاہور ہائی کورٹ نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

اس سے قبل عدالتِ عالیہ نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دورانِ سماعت جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت گورنر کو کام کرنے سے روکا جائے؟

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیے کہ گورنر سے کس قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟

درخواست گزار شاہد خان نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر نے اپنے عہدے کے مطابق کام ہی نہیں کیا ہے۔