روزمارنے سے بہتر حکومت عوام کو ایک ہی بار ماردے‘عمرانی

September 18, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ لاکھ من مانیاں کرلو قوم کے جسم کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لو مگر اتنا ذہن میں رہے کہ کل تمہیں عوامی عدالت کا سامنا بھی کرنا ہے جہاں تو نہ ہی داخلی دروازے کا کوئی چوکیدار تمہارا ساتھ دے گا اور نہ ہی ترجمانوں کی فوج تمہارے ساتھ چلنے کو تیار ہوگی بلکہ ہر یہ اپنی خاندانی روایت پر قائم رہتے ہوئے آستین کے سانپ کا ہی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے پٹرولیم مصنوعات ہی نہیں بلکہ اشیاء ضروریہ کی ہر شے کو تاریخ کی بلند سطح پر پہنچا دیا۔ دیگر ممالک سے اپنے ملک کا موازنہ کرنے والوں نے کبھی اپنی گاڑی میں پٹرول ڈلوایا ہو تو انہیں اندازہ ہو کہ پٹرول بم نے قوم کو کس شدید معاشی بحران سے دوچار کردیا ہے۔ روز مار کر زندہ کرنے سے کہیں بہتر ہے کہ سلطنت عمرانیہ ایک ہی مرتبہ پٹرولیم مصنوعات دو سو روپے فی لیٹر کردے۔صادق عمرانی نے کہا کہ سندھ حکومت کو قربان کرنے کی ڈکٹیشن دینے والوں کی فکری و سیاسی سوچ کا یہ عالم ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ سلطنت عمرائیہ کے لئے یہ میدان بھی خالی چھوڑ دیا جائے ۔ سندھ حکومت کی واحد قلعہ ہے جہاں سے تبدیلی سرکار کی پیش قدمی کو روکا جاسکا ہے اور جہاں سے سیاسی مزاحمت بھرپور انداز میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر حکومتی کرپشن ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ حکومتی نااہلی اور اپنوں کو نوازے جانے کے لئے بہت کافی ہے جس کا پردہ چاک تبدیلی سرکار کی رخصی کے بعد ہی ہوگا۔