خیزی چوک پرجانوروں کی آلائشوں سے گھی تیار کرنے والی فیکٹری سیل

September 18, 2021

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے خیزی چوک مغربی بائی پاس میں جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے مضر صحت گھی تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔ بی ایف اے حکام نے فیکٹری کو فوری طور پر سیل کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جانوروں کی ہڈیاں، چربی، آلائشیں وغیرہ برآمد کر لیں جن کو مضر صحت گھی کی پروڈکشن کیلئے استعمال اور بلا خوف و خطر شہر بھر میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ بی ایف اے حکام نےمغربی بائی پاس میں موجود دیگر کھانے پینے کے مراکز بھی چیک کئے ، اس دوران 3 میٹ شاپس کے خلاف گوشت سٹور کرنے کے نامناسب نظام ، دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے و احاطے میں جانور ذبح کرنے پر کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز عوام کی جانب سے ایئرپورٹ روڈ پر قائم بڑے ہوٹلوں و ریسٹورنٹس میں صارفین کے لئے ناکافی سہولیات بارے شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ اور اس سے متصل علاقے میں موجود ہوٹلوں کا معائنہ کیا ، دوران معائنہ مراکز مالکان کو ہوٹلوں میں صارفین کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے خصوصاً واش رومز کی تعداد بڑھانے ، واش رومز میں تولیہ کی جگہ ٹشو پیپرز رکھنے اور صابن یا ہینڈ واش کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دیگر دو مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے علاقوں ریلوے اسٹیشن ، جان محمد روڈ اور اختر محمد روڈ میں متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران مختلف وجوہات و ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہوٹلوں ، 1 ملک شاپ اور 1 فوڈ کارنر پر جرمانے عائد کردئیے۔