تبدیلی کی سونامی نے عوام سے جینے کی امید بھی چھین لی‘ انجینئر عثمان

September 19, 2021

کوئٹہ (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہاہے کہ حکمرانوں نے اپنے تین سالہ اقتدار میں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑدیئے۔عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو نااہل حکمران ایک دن بھی اقتدار پر نہیں رہیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو تبدیلی کی سونامی کا جھانسہ دیکر مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا۔عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی گئی، آج پاکستان کا ہرشہری نان شبینہ کا محتاج ہوکر رہ گیا۔اس کے باوجود حکمران اپنی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں پر شرمندہ ہونے کی بجائے خوشی کااظہار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر حکومت کی جانب سے خودکش حملہ ہے، افسوس عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ثابت ہوگا کیونکہ اس سے ہر چیز مہنگی ہوگی اور براہ راست اثر عوام پر پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی و بیروزگاری کے ستائے ہوئے ہیں اور اپنی سفید پوشی کا بھرم بڑی مشکل سے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ سلیکٹڈ نظام سے تنگ آچکے اور ان نااہل حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں ۔جمعیت ان نااہل حکمرانوں کو عوام کی طاقت سے اقتدار سے باہر کرے گی۔