حلوا کدّو

September 26, 2021

کدّو کا تعلق پھل اور سبزی دونوں سے ہے۔ اس کا نباتاتی نام Cucurbita Pepo ہے۔ یوں تو اس کی کئی اقسام ہیں، تاہم حلوا کدّو، گول کدّو، گھیّا کدّو، سُرخ کدّو اور سفید کڑوا کدّو عام اقسام میں شامل ہیں، جن کے فوائد کم و بیش یک ساں ہیں۔ مثلاً اگر حلوا کدّو کی قاشیں کاٹ کر اس پر دار چینی، ادرک، لونگ اور جائے پھل(جسے جائفل بھی کہا جاتا ہے) ہم وزن پیس کر چِھڑک کر کھائیں، تو نہ صرف جسم کی فالتو چربی گھل جاتی ہے، بلکہ بے خوابی کی شکایت بھی دُور ہوجاتی ہے، کیوں کےکدّو کے بیجوں میں سیروٹونین نامی جو جزو پایا جاتا ہے، وہ پُر سُکون نیند کا باعث بنتا ہے۔

نیز، اس کے استعمال سے جِلد کی رنگت بھی نکھر آتی ہے۔ حلوا کدّو کے استعمال سے مزاج ہشاش بشاش رہتا ہے، خصوصاً صُبح اُٹھتے ہوئے سُستی نہیں ہوتی۔ ہڈیاں مضبوط ہوجاتی ہیں اور اُن میں درد بھی نہیں ہوتا ۔علاوہ ازیں،یادداشت کی کم زوری دُور ہوتی ہے۔اس کے علاوہ سرطان، فلو اور متعدّی امراض سے تحفّظ فراہم کرتا ہے، کیوں کہ حلوا کدّو کا استعمال قوّتِ مدافعت میں اضافے کا بھی نادر نسخہ ہے۔

بینائی کم زور ہونے سے بچاتا ہے۔ اس کے ریشے جسم میں کولیسٹرول اور خون میں شکر کی مقدار متوازن رکھتے ہیں۔چوں کہ اس میں میگنیشیم اور مونو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں،تو یہ شہہ رگ اور دِل کو صحت مند رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ نیز، بُلند فشارِخون بھی کم کرتے ہیں۔یہ قبض کُشا بھی ہے، تو اس کا استعمال حاملہ اور شکم میں پلنے والے بچّے دونوں ہی کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ ورم کم کرتا ہے اور جوڑوں کے درد کے لیے بھی اکسیر ہے۔

حلوا کدّو کا ذائقے دار سالن بنانے کے لیے ایک عدد چھوٹے سائز کا حلوا کدّو کاٹ کر گُودا الگ کرلیں۔پھر ایک پتیلی میں تیل کڑکڑا کر ایک عدد پیاز کے لچّھے کاٹ کر فرائی کریں اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ اس کے بعد حلوا کدّو کاگُودا ڈال کر ذرا سا بھون کر ڈیڑھ کپ ناریل کا دودھ، ایک چوتھائی چمچ ہلدی، آدھا چمچ سیاہ مرچ پاؤڈر اور حسبِ ضرورت سمندری نمک شامل کرکے ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب تیل نظر آنے لگے تو لہسن کا بگھار لگادیں۔