پی ٹی آئی کی کارکردگی سے دلبرداشتہ ہوگئی ہوں، حریم شاہ

September 21, 2021

کراچی (آئی این پی) پاکستان کی متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی کارکردگی سے دلبرداشتہ ہوگئی ہیں۔حریم شاہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ماضی میں دفتر خارجہ میں وہ اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر گئی تھیں، جہاں انہوں نے ویڈیوز بنائیں۔ ایک ٹی وی شو کے دوران حریم نے پاکستانی سیاست کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے دنوں سے میں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ تھی اورعمران خان کو اس وقت سے جانتی ہوں جب وہ وزیراعظم نہیں تھے۔ عمران خان مجھے شروع سے ہی بہت پسند تھے لیکن اب ان کی پسندیدگی میں کمی آگئی ہے۔ حریم شاہ نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی کارکردگی سے تھوڑی سی دلبرداشتہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومتی سیاسی پارٹی سے دلبرداشتہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا جب آپ کسی سے بہت زیادہ امیدیں رکھتے ہیں اور جب آپ کی امید ٹوٹ جاتی ہے تو آپ دلبرداشتہ ہوجاتے ہیں۔ پاکستانیوں نے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کی ہوئی تھیں۔ عمران خان نے ہمیں امید دلائی تھی کہ پاکستان ایک نیاپاکستان ہوگا لیکن ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہوا۔ٹک ٹاکر اسٹار نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ملک میں اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو۔ساتھ ہی انہوں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب انہیں بہت پسند ہیں۔