ہمارے جیسا لیڈر اور ووٹ بینک کسی کے پاس نہیں، مریم نواز

September 21, 2021

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل کوئی ہے تو وہ ’ن لیگ‘ ہے، کسی جماعت کے پاس ہمارے جیسا لیڈر ہےنہ ہمارے جیسا ووٹ بینک ہے۔

لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملتان میں ہونے والے پارٹی اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ہمیں بیانیوں کے تضاد کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور نا اس پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈران کو جبر اور ظلم کا سامنا ہے، اس کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں شاندار کامیابی ملی۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کتنی بڑی طاقت ہے، اس کا اندازہ دشمنوں اور حکومت کو بخوبی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج بھی ان کو مسلم لیگ (ن) کو ہرانے کے لئے دھاندلی اور ووٹ چوری کرنا پڑتے ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مستقبل کوئی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے، کسی جماعت کے پاس ہمارے جیسا لیڈر ہے، نہ ہی ہمارے جیسا ووٹ بینک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بیانیوں کے تضاد کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور نا اس پر توجہ دینی چاہیے، ہمارا بیانیہ ہی ہماری پہچان ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ اگر ہمارا بیانہ ہمارے پاس نہ ہوتا تو ہم میں اور دوسری جماعتوں میں کوئی فرق نہ ہوتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ لوگ کہہ رہے ہیں یہ دھاندلی کر کے دوبارہ آنا چاہتے ہیں، میں ان کو بتادوں اب دوبارہ ووٹ چوری کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ پورے ملک میں ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چل رہا ہے، آج ہر ادارہ اپنی بقاکی جنگ لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پول کھل رہے ہیں، اس لیے یہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہیں، اگرہم نے کمزوری دکھائی تو یہ ہم پر چڑھ دوڑیں گے، ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ اگلا الیکشن ہمارا ہے، اس لیے ہمیں مضبوطی اور اتحاد سے الیکشن لڑنا ہوگا۔