پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) عمران خان کے سیاسی ایجنڈے کا آلہ کار اور چیئرمین نیب غلام بنے ہوئے ہیں۔
میڈیا کے روبرو مریم اورنگزیب نے نیب پریس ریلیز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی نواز شریف کے خلاف پریس ریلیز نہیں بلکہ یہ چیئرمین نیب کی ایکسٹینشن کی درخواست ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس فیصلے پر پریس ریلیز جاری کی گئی ہے وہ اسلام آباد ہائی کورٹ عدالت میں زیر سماعت ہے اور اُس پر حتمی فیصلہ نہیں آیا۔
ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ نیب کی نواز شریف کے خلاف پریس ریلیز غیر قانونی ہے، نیب کس قانون کے تحت میڈیا ٹرائل کر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ادارہ عمران خان کے سیاسی ایجنڈے کا اہلکار اور چیئرمین نیب عمران خان کے غلام بنے ہوئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ اندھے نیب کو عمران خان کی کرپشن آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، بی آر ٹی پشاور، بلین ٹری سونامی، ایل این جی میں نظر نہیں آتی ۔
انہوں نے کہا کہ عوام سب جانتے اور سمجھتے ہیں، عوام کو بھیڑ اور بکریاں نہ سمجھیں، نیب کے 538 ارب کی ریکوری کے دعوے کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف کا 35 سال سے زائد کا سیاسی کیریئر ہے، وہ وزیراعلیٰ پنجاب اور تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم ہیں، ان پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگا سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، 14000 ارب کی بجلی، موٹر وے، سڑکیں، میٹروز، اسپتال، ا سکول سی پیک دیے ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگ سکا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ججوں کو وڈیو دکھا کر بلیک میل کر کے سرینا کے لفافوں میں فیصلے بھیج کر سزا سنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں جو تحفے ملے ڈکلیئر نہیں کروں گا، کیونکہ وہ کھا چکے۔