روینہ ٹنڈن کا پاپے بنانے والے ورکرز پر غصے کا اظہار

September 22, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر کچھ دنوں سے وائرل ایک ویڈیو پر بھارتی اداکارہ روینہ ٹنڈن نے غصے کا اظہار کیا ہے۔کچھ روز قبل بھارتی فلموں کے ہدایتکار شِو کمار کی جانب سے پاپے بنانے والی کسی فیکٹری کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا گیا کہ ٹرے میں موجود پاپوں کو پیک کرنے سے قبل ایک ملازم ان پر ننگے پاؤں چڑھ رہا ہے۔ویڈیو میں دوسرے ملازم کو پاپوں کو زبان سے جھوٹا کرتا بھی دیکھا گیا۔ وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید ردعمل ظاہر کررہے ہیں جبکہ کچھ نے ویڈیو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کا بھی کہا تاکہ اس فعل کے مرتکب افراد کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔اس حوالے سے معروف بولی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی اور لکھا کہ امید ہے یہ جلد پکڑے جائیں گے اور پھر ہمیشہ کیلئے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا کہ مذکورہ ویڈیو کس جگہ کی ہے اور ملازمین ایسا کیوں کررہے ہیں۔