جماعت اسلامی کا مہنگائی، بیروزگاری کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

September 22, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کمرتوڑ مہنگائی، بےروزگاری کی شرح میں اضافہ اور حکمرانوں کی دیگر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جمعہ 24ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیاہے۔انہوں نے تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی ہے کہ ملک کے بڑے چھوٹے شہروں میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کریں ۔امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ ملکی معیشت جو پہلے ہی سابقہ و حالیہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کمزور اور لاچار تھی اب مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لیا اور عوام کومجموعی طور پر پچاس ہزار ارب کے لگ بھگ مقروض کردیا۔ ایک طرف آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ملک کو نرغے میں لے رکھا ہے دوسری جانب مختلف مافیاز نے عوام کی گردن دبوچ رکھی ہے۔ سودی معیشت ، کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے پاکستان ہر آئے روز استحکام کے حصول کی منزل سے سالوں دور جارہا ہے۔ عوام اس فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو مسترد کریں اور فلاحی اسلامی پاکستان بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے ہم قدم بنیں۔ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں تیس فیصد کے قریب اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے۔