نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کیوں ہوا، حقائق سامنے آگئے

September 22, 2021


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نیوزی لینڈ کا دورۂپاکستان منسوخ ہونے کے حقائق سامنے لے آئے، بتایا کہ مہمان ٹیم کو دھمکی آمیز جعلی پوسٹ بھارت سے جنریٹ ہوئیں، ایک ای میل آئی ڈی حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی، اسی آئی ڈی سے 15 منٹ بعد ای میل کی گئی۔

اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں فواد چوہدری نے بتایا کہ جس ڈیوائس سے کیوی ٹیم کو یہ ای میل کی گئی وہ ممبئی کے شہری اوم پرکاش مشرا کے زیراستعمال تھی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس ڈیوائس سے ای میل کی گئی اس میں 13 ای میل آئی ڈیز ہیں،تمام ای میلز انڈین فلم انڈسٹری ، ڈرامہ کے ناموں پر بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ای میل وی پی این لگا کر بھارت سےبھیجی گئی تھی،وی پی این کی لوکیشن سنگاپور کی لگائی گئی تاکہ بھارت کی لوکیشن معلوم نہ ہوسکے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 19 اگست کو احسان اللّٰہ احسان کے نام سے فیس بک پر جعلی پوسٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹارگٹ کرنے کی دھمکی دی گئی، سنڈے گارڈین میں نندن مشرا نےآرٹیکل لکھا، نندن مشرا کے لنک امر اللّٰہ صالح سے ملتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 24 اگست کو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ای میل کی گئی، ہم نے معاملے پر انٹرپول سے معاونت مانگی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت داخلہ نے اس معاملے پر ایف آئی آر درج کردی ہے، نیوزی لینڈ کی حکومت کو چاہیے کہ جو تھریٹ ان کو ملا وہ ہم سے شیئر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک تھریٹ انفارمیشن اور دوسری تھریٹ ایڈوائزری ہوتی ہے، تھریٹ انفارمیشن اور تھریٹ ایڈوائزری میں فرق ہے، جو لیٹر پنجاب حکومت نے جاری کیا اس میں پاکستان نیوزی لینڈ میچ اور چہلم امام حسین کا ذکر کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے فون پر بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ معلومات ہے کہ ٹیم پرحملہ کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ فیک نیوز سے فرق نہیں پڑتا، پاکستان کو ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے،ہم نے تو نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو بھی تھریٹ ایشو کیا گیا ہےوہ بھی احسان اللّٰہ احسان کے نام سے ای میل کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف کوئی موقع نہیں چھوڑتا،جبکہ پاکستان کو تنہا اور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی اتنی فوج نہیں جتنی ہم نےان کی ٹیم کو سیکیورٹی دی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی مہاجر کیمپ بھی نہیں بنایا ،پاکستان نے 10 ہزار سے زیادہ افراد کو افغانستان سے انخلا کیا ہے، بھارت کو افغانستان کے حوالے سے سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔