برطانوی ایئرلائن کے مسافر تاشقند میں پریشان

September 22, 2021

برٹس ایئرویز کی ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ایمرجنسی میں اترنے والی پرواز کے مسافر پریشان ہوگئے۔

برطانوی ایئرلائن کی ایک مسافر لڑکی کی اپیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مسافر لڑکی کا کہنا ہے کہ ہم 24 گھنٹے سے ازبکستان کے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حال پوچھنے اب تک کوئی نہیں آیا، میری بہن برٹش ایئرویز کو فون کررہی ہے ان کا کہنا ہے وہ کچھ نہیں جانتے۔

مسافر لڑکی نے یہ بھی کہا کہ میرے والد بیمار ہیں کوئی علاج کا نہیں پوچھ رہا، ہماری مدد کی جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میرے والد کے لیے آکسیجن ختم ہورہی ہے، جس کا کوئی انتظام نہیں، ہمارے پاس خوراک ہے نہ ہی کوئی بہتر علاج، نہ ہی ویل چیئر ہے۔

مسافر لڑکی نے کہا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے ہی خوراک کا ایک باکس دیا گیا ہے، صورتحال خوفناک ہے، اب تک کوئی بھی خبر نہیں۔

برطانوی ایئرلائن کی اس مسافر لڑکی نے کہا کہ یہاں کوئی وائی فائی اور کوئی چارجر نہیں، دو منٹ کے انٹرنیٹ کنکشن کے لیے 50 پاؤنڈ دے رہے ہیں۔