پیسہ بولتا ہے،بھارت میں جو بھی ہو سب کھیلنے کو تیار ہیں، عثمان خواجہ

September 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے دورے ختم کرنے کے فیصلے کو دہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مقابلے میں بھارت میں حالات جیسے بھی ہوں مگر بھارت میں کرکٹ کھیلنے کو سب تیار ہوتے ہیں، اگر بھارت میں یہ صورتحال ہوتی تو پھر کوئی بھی ایسا نہ کرتا۔ اس کا مطلب تو یہ ہوا ہے کہ پیسہ بولتا ہے ۔ اسلام آباد میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ اس وقت آسٹریلیا میں نا صرف مقیم ہیں بلکہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا اہم ترین حصہ بھی ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری بھی اسکور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر لحاظ سے محفوظ جگہ ہے۔