جماعت اسلامی کے مہنگائی و بیروزگاری کیخلاف 100 مقامات پرمظاہرے

September 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک میں کمر توڑ مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں 100سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے، جب کہ مرکزی مظاہرہ مسجد بیت المکرم،گلشن اقبال کے سامنے ہوا، جس سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری یونس بارائی اور ضلع شرقی کے سکریٹری ڈاکٹر فواد بھی موجود تھے۔مظاہروں میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی ضلع غربی میں 25،ضلع کیماڑی میں 25،ضلع ائرپورٹ 14،ضلع وسطی گلبرگ میں 7،ضلع ملیرمیں 8،ضلع وسطی میں 9،ضلع شمالی میں 7،ضلع جنوبی میں 15،ضلع قائدین میں 8،ضلع کورنگی میں 12اورضلع شرقی سمیت 100سے زائدمقامات پر مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں سے نائب امیرکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،امرائے اضلاع مولانا مدثر حسین انصاری،سید عبد الرشید،مولانا فضل احد،محمد یوسف، محمد اسلام، عبد الجمیل خان، سیف الدین،فاروق نعمت اللہ،وجیہ حسن،توفیق الدین صدیقی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وپی ٹی آئی کے حکومت میں آنے کے بعد 3سال میں جتنا مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے وہ گزشتہ 10سال میں بھی نہیں ہوا،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف اور صرف ٹیکس وصول کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔