جیو نیوز کی خبر پر نیپرا کا ایکشن، اوور بلنگ پر عوامی سماعت کا اعلان

September 26, 2021

نیپرا نے اوور بلنگ کے ذریعے صارفین کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگانے کی ’جیو نیوز‘ کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے پر عوامی سماعت کا اعلان کر دیا۔

’جیو نیوز‘ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے 31 روز سے زائد کی بلنگ کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا معاملہ اٹھایا تھا، نیپرا کے الیکٹرک سمیت دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین سے اس حوالے سے ہونے والی زیادتی پر 30 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

’جیو نیوز‘ نے کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ پر اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا تھا کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو 31 روز سے زیادہ کے بل بھیج کر اوور بلنگ کر رہی ہیں۔

’جیو نیوز‘ کی رپورٹ پر وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے جانچ پڑتال کاحکم دیا تھا جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کی انکوائری سے بھی ثابت ہو چکی ہے۔

نیپرا کی طرف سے اوور بلنگ کے معاملے کی عوامی سماعت زوم پر ہو گی، نیپرا نے کہا ہے کہ سماعت میں شرکت کرنے والے سماعت کے دوران صرف اوور بلنگ کے معاملے تک محدود رہیں اور کسی معاملے پر بات نہیں ہو گی۔