اداکار عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، علاج کیلئے امریکہ روانگی دو دن کیلئے موخر

September 26, 2021


کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کی حالت پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار دیے ہیں۔ اس کی بنا پر ان کی امریکا روانگی مؤخر کردی گئی ہے۔

امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں، ڈاکٹر طارق شہاب پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے نمائندے کو بتایا کہ اتوار کو اداکار عمر شریف کے ڈائیلیسز کے دوران بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمر شریف علاج کے لیے امریکا کا طویل ترین سفر کرنے کے قابل نہیں، ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں۔ 48 گھنٹے کے دوران عمر شریف کی طبیعت دیکھنے کے بعد روانگی کا فیصلہ ہوگا۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق اسی بنیاد پر ایئر ایمبولینس کمپنی کو عمر شریف طبیعت کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے، ان کی علاج کے لیے امریکا روانگی کا نیا شیڈول آئے گا۔