کیوی کوچ کا دورہ پاکستان منسوخی کی وجہ سے اظہار لاعلمی

September 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دورہ منسوخ ہونے سے جو ہوا وہ پریشان کن اور مایوس کن ہے، ہم یقینی طور پر پاکستان میں کرکٹ برادری اور شائقین کی پریشانی کو محسوس کر رہے ہیں فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا، کھلاڑی اب یواے ای میں ٹھیک ہیں۔ شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہمارا پہلا میچ پاکستان کے خلاف ہے ظاہر ہے سب کی نظر یں اس پر مرکوز ہوں گی، میچ کے چرچے ہیں لیکن ہمارے لئے یہ میچ دوسرے میچز سے کسی طرح مختلف نہیں ہے ۔ وہ اتوار کو نیوزی لینڈ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس میچ سے دو دن پہلے پاکستانی ٹیم اپنا بڑا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیم کے ساتھ موجود نہیں تھا اس لئے مجھے کچھ زیادہ علم نہیں کیونکہ بعض اوقات آپ کو ہر معاملے سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس لئے زیادہ تبصرہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جانے والے ورلڈ کپ اسکواڈ کے پانچ کرکٹرز نے بیٹنگ کوچ تھیلان سماراویرا کی نگرانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹریننگ شروع کر دی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ریزرو کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے 9 کھلاڑی یواے ای میں انڈین لیگ کھیل رہے ہیں۔