فلک شبیر کے جیسا شوہر بننا ہے: گوہر رشید

September 27, 2021

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے کہا ہے کہ وہ جب بھی شادی کریں گے تو گلوکار فلک شبیر کے جیسے شوہر بنیں گے۔

حال ہی میں گوہر رشید نے ایک ویب چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

اسی دوران گوہر رشید نے خوبرو اداکارہ سارہ خان کے شوہر فلک شبیر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں فلک سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہوں۔‘


گوہر رشید نے کہا کہ ’انشاءاللّہ! زندگی میں جب بھی میری شادی ہوگی تو میں فلک شبیر کے جیسا شوہر بنوں گا کیونکہ میں اُن سے بےحد مُتاثر ہوا ہوں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ہمارے یہاں شوہر اپنی بیویوں سے بھی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کتراتے ہیں، دُنیا کے سامنے بیوی کو پھول دینے سے ڈرتے ہیں، ویسے سارے کام کرلیتے ہیں لیکن جب بیوی سے اظہارِ محبت کی بات آتی ہے تو مرد یہ کام کرنے سے گھبراتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، فلک سارہ کا بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں، وہ سیٹ پر آتے ہیں تو سب کے سامنے اپنی اہلیہ کا خیال رکھ رہے ہوتے ہیں۔‘

گوہر رشید نے کہا کہ ’فلک کو سارہ کا خیال رکھتا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہر مرد کو اپنی بیوی کا ایسے ہی خیال رکھنا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ ان دنوں گوہر رشید اور سارہ خان ڈرامہ سیریل ’لاپتہ‘ میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں جوکہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔