محبت کو زبان اور لفظوں کی ضرورت نہیں ہوتی ، حمائمہ ملک

September 27, 2021

پاکستان شوبز اندسٹری کے معروف اداکار فیروز خان اور ان کی بہن اداکارہ حمائمہ ملک آج کل حیدرآباد میں موجود ہیں، جہاں ان دونوں بہن بھائیوں نے اپنے مداحوں سے ملاقات کے لیے خصوصی سیشن رکھا تو مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد اپنے پسندیدہ اداکاروں سے ملاقات کرنے کے لیے آگئی۔

اسی دوران فیروز خان کی ملاقات ان کی ایک ایسی مداح سے ہوئی جوکہ قدرتی طور پر بولنے کی صلاحیت سے محروم تھی، اداکار کو دیکھ کر مداح بہت خوش ہوئی اور فیروز خان سے اپنی محبت کا اشاروں میں اظہار کیا۔

حمائمہ ملک نے اپنی انسٹا اسٹوری پر فیروز خان کی اس معصوم اور خاص مداح سے ملاقات کے جذباتی منظر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’محبت کو زبان اور لفظوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔‘

دوسری جانب فیروز خان نے بھی حیدرآباد میں اپنے مداحوں سے ہونے والی ملاقات کی کچھ تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرشیئر کی ہیں۔


انہوں نے مداحوں سے ہونے والی اس ملاقات میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کی وجہ سے لکھا کہ ’ یہ میٹ اینڈ گریٹ نہیں جلسہ ہے بھائی۔‘

فیروز خان نے اپنی انسٹا پوسٹ میں حیدرآباد کے لوگوں سے اس قدر محبت اور عزت ملنے پر اللّٰہ کا شکر بھی ادا کیا۔