حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

September 28, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا چہلم عقیدت و احترام سے آج منگل کو منایا جائے گا۔ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پرمنگل کومرکزی مجلس پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشترپارک میں ہوگی۔علامہ شہنشاہ نقوی پڑھیں گے۔چہلم کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھرمیں شبیہ و عَلم ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے،جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں ،جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی اورسیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا جلوس صبح 9 بجے مارٹن روڈ امام بارگاہ سے برآمد ہوکر نشر پارک پہنچے گا جہاں مرکزی مجلس منعقد ہوگی ، بعدازمجلس مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا،مرکزی جلوس کی قیادت بوتراب اسکواڈ کرے گی،شرکاء نوحہ خوانی وماتم کریں گے۔جلوس کے راستہ میں پانی کی سبلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے ہیں۔مرکزی جلوس نشتر پارک، سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ سے گزرے گا اور محفل شاہ خراساں پر آنے کے بعد اپنے روایتی راستوں نمائش صدر ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوکرامام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادرپر اختتام پذیر ہوگا کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پرعزاداروں کی نوحہ خوانی اور ماتم، جلوسوں کی گزر گاہوں پر پانی کی سبیلوں اور لنگر کا انتظام کیا گیاہے۔