جیو ٹی وی کے سیریل ”رنگ محل“ نے دِل جیت لئے، ریٹنگ چارٹ ناظرین کی محبتوں کا ثبوت

October 09, 2021

کراچی (جنگ نیوز) اپنے ٹائم سلاٹ پر مسلسل لیڈ کرنے والے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے ڈرامہ سیریل ”رنگ محل کا گذشتہ دِنوں خوشگوار اختتام ہوا۔ ”جیو ٹی وی“کے شائقین کی جانب سے پہلی ہی قسط سے ہونے والی بے پناہ پذیرائی اور آخری قسط میں ریٹنگ چارٹ پر 14.8کا نمبر ناظرین کی محبتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تفصیلات کے مطابق ”رنگ محل“ کے عنوان سے نشر ہونے والی ”جیو ٹی وی“ کی ڈرامہ سیریل نے پہلی ہی قسط سے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا اور تسلسل کے ساتھ مدِ مقابل تمام پروگرامز پر سبقت برقرار رکھی۔ شافعہ خان کی تحریر اور زاہد محمود کی ہدایات میں کرداروں نے مسلسل اپنی جاندار اداکاری کے ساتھ شائقین کو اپنی کہانی میں مسحور کئے رکھا۔ بدھ کی رات نشر ہونے والی آخری قسط کے کلائمکس کو دیکھنے کیلئے بے قرار ناظرین کی نگاہوں نے ریٹنگ چارٹ پر 14.8 کے نمبر کے ساتھ انٹرٹینمنٹ کا میدان مار لیا۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے پروڈکشن ہاؤس ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے اس سیریل نے بھی کامیابی کا نیا سنگ میل طے کیا اور ناظرین کو بہترین انٹرٹینمنٹ کی تسکین پہنچائی۔ ناظرین کی بے پناہ ستائش اور چاہتوں کا ”جیو ٹی وی“ اور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی جانب سے پیار بھرا شکریہ۔