ڈرمارولر کا استعمال اور اس کے جِلد پر فوائد

October 11, 2021

ماہرین جِلدی امراض کا کہنا ہے کہ اسکن پر ایکنی، کیل مہاسوں کے نتیجے میں پڑ جانے والے نشانات اور کھڈوں کا علاج ڈرما رولر سے ممکن ہے۔

ڈرما رول ایک ’بیوٹی ٹول‘ ہے جس کی مدد سے جِلد سے متعلق متعد شکایات جیسے جھریوں، سورج کی تپش اور ایکنی، کیل مہاسوں کے نتیجے میں پڑ جانے والے نشانات سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، ڈرما رولر بغیر کسی کیمیکل کے استعمال کے اسکن صاف شفاف اور ترو تازہ و شاداب بناتا ہے۔

ڈرما رولر کا استعمال چہرے پر کھڈوں کے خاتمے اور ’اوپن پورز‘ یعنی کھلے مساموں کو بند کرنے کا بھی سبب بنتا ہے۔

ڈرما رولر کیا ہے؟

ڈرما رولر ایک ایسا ’بیوٹی ٹول‘ ہے جو پہیّے کی طرح گھومتا ہے اور اس کے رولر پر چھوٹی چھوٹی 0.5 ملی میٹر سے لے کر 2.5 ملی میٹر کی سوئیاں لگی ہوتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق 0.5 سے لے کر1 ملی میٹر تک کی سوئیوں والا ڈرما رولر خواتین گھر میں استعمال کر سکتی ہیں جبکہ اس سے زیادہ لمبائی والی سوئیوں والے ڈرما رولر بیوٹی پارلرز میں بیوٹیشنز کی زیر نگرانی ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔

ڈرما رولر کے استعمال سے چہرے کی جِلد میںموجود خون کی شریانوں میں بلڈ سرکولیشن تیز ہو جاتی ہے جو کہ چہرے کی جِلد اور اس کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے، اس کا استعمال کچھ دیر بعد تک اسکن لال ہو جاتی ہے جس میں کوئی پریشانی کی بات نہیں ۔

ڈرما رولر استعمال کرنے کا طریقہ:

گھر میں ڈرما رولر استعمال کرنے کے لیے اس بیوٹی ٹول کو 10 منٹ کے لیے کسی جراثیم کُش محلول میں بھگو کر رکھ دیں اور اپنے چہرے کو الکوحلک پیڈ یا پھر کسی جراثیم کُش محلول اور صارف روئی کی مدد سے صاف کر لیں۔

اب اپنے ایک ہاتھ کی مدد سے چہرے کی جِلد کھینچتے ہوئے دوسرے ہاتھ سے ڈرما رولر کو آہستہ آہستہ آگے پیچھے حرکت دیتے ہوئے استعمال کریں۔

ماہرین کے مطابق ڈرما رولر کو ہر 10 دن بعد استعمال کریں۔

ڈرما رولر کے استعمال کے بعد چہرے پر 20 سے 30 منٹ کے لیے وٹامن سی سیرم، کوئی وٹامن سی سے بھرپور ماسک یا پھر ملتانی مٹی کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔